گجرات : حج سے بندے کے بخشش اور خالق کائنات سے تعلق مضبوط ہوتا ہے۔ جبکہ قربانی کے ہر بال کے بدلے نیکی کا وعدہ کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پیر محمد عثمان افضل قادری نے نیک آباد شریف میں ”حج اور قربانی” کے موضوع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ حاجی اللہ تعالیٰ کی محبت میں سب کچھ چھوڑ کر بارگاہ خداوندی میںگناہوں کی بخشش کیلئے حاضر ہو جاتا ہے اسلئے رحیم و کریم رب تعالیٰ اسکے گزشتہ گناہ معاف کر دیتے ہیں۔ حدیث مبارک میں ہے کہ جو اللہ کیلئے حج کرے اور اس دوران لغو اور نافرمانی نہ کرے تو وہ گناہوں سے اپنی پیدائش کی طرح پاک ہوجاتا ہے۔ پیر محمد عثمان افضل قادری نے مزید کہا کہ دربار رسولۖ میں حاضری ہر صاحب ایمان کیلئے باعث سعادت دارین ہے اور اس زیارت سے محشر کے میدان میں شفاعت رسول واجب ہوجاتی ہے۔
جبکہ بارگاہ رسالت میں حاضر ہوکر جو دعا کی جاتی ہے ستر ہزار فرشتہ اس پر آمین کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر صاحب ایمان صاحب استطاعت پر قربانی لازم فرمائی ہے اور قربانی کا مقصد صرف جانور ذبح کرنا نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی مکمل اطاعت اور عبد صالح بننے کا جذبہ بیدار کرنا اور انا پرستی و نفسانی خواہشات کا خاتمہ ہے۔
انہوں نے صحیح مسلم کے حوالہ سے بتایا کہ رسول اللہ ۖ کو اپنی امت سے اتنی محبت تھی کہ ایک قربانی اپنی طرف سے اور دوسری اپنی امت کی طرف سے فرماتے تھے۔ اجتماع میں کثیر افراد نے شرکت کی اور اختتام پر وطن عزیز پاکستان، حاضرین اور امت مسلمہ کیلئے خصوصی دعائیں کرائی گئیں۔