کراچی : جمعیت علماء پاکستان کی سپریم کونسل کے چئیرمین اور انجمن طلبہ اسلام کے بانی علامہ مفتی جمیل احمد نعیمی نے کہا ہے کہ ماہ ذوالحجہ میں امت مسلمہ مرکز ایمان و عقیدت اور مرکز اتحاد المسلمین حجاز مقدس میں جمع ہوچکی ہے، امت مسلمہ اپنے رب کے حضور سربسجود ہے اور اپنے گناہوں پر ندامت کا احساس لئے معافی کی طلب گار ہے، حج مقدس ایک ایسی عبادت جو مختلف عبادتوں کا مجموعہ ہے جو روز حشر کے جیسا منظر پیش کرتی ہے، یعنی تمام حجاج ایک ہی لباس میں، ایک ہی نیت اور ارادے کے ساتھ اور ایک ہی طرح کی عبادت میں مشغول ہوتے ہیں،ان عقیدتوں کا مرکز دو دشہر مقدس یعنی مکہ المکرمہ اور مدینہ المنورہ ہوتے ہیں، انجمن طلبہ اسلام کے بانی علامہ مفتی جمیل احمد نعیمی نے کہا ہے کہ حج عظیم عبادت اور زمین پر مسلمانوں کے لئے نعمت کبریٰ ہے۔
مقبول حج ادا کرنے والے دنیا میں ہی جنتی ہوجاتے ہیں، انجمن طلبہ اسلام کی مرکزی و صوبائی کابینہ کے مشورے سے خطاب کرتے ہوئے انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے مرکزی صدر محمد زبیر صدیقی ہزاروی نے کہا کہ حج کا انتظامی نظام کسی غیر مسلم عالمی ادارے کو دینا کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے، ایسی بات کرنے والے قبلہ درست کریں، ایسی باتیں کرنے والے امت مسلمہ میں اتنشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہمیں یہ معلوم ہے کہ مستقبل قریب میں اسلامی دنیا کو تقسیم کرنے کے لئے ایک واضح لکیر کھینچنے کی تیاری کی جارہی ہے، لکیر کے ایک طرف رافضی بلاک بنایا جا رہا ہے اور لکیر کی دوسری جانب خارجی و سلفی بلاک بنایا جا رہا ہے۔
یہ عمل گزشتہ بیس سال سے جاری ہے، جو اب اپنے آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے، اور دونوں بلاک کے درمیان اسلامی دنیا کی اکثریت جو کہ اہل سنت و جماعت اور صوفی ازم پر یقین رکھتی ہے اس امن پسند اکثریتی طبقے کو بارو د میں بھوننے کی تیاری کی جار ہی ہے، انجمن طلبہ اسلام صوبہ سندھ کے جنرل سیکرٹری نبیل مصطفائی نے کہا کہ اسلام کی عالمگیریت حج کے موقع پر درجہ اتم ظاہر ہو کر سامنے آتی ہے، ایک اللہ، ایک رسول، ایک کتاب اور ایک امت کا فلسفہ ایک تہذیب و ثقافت اور عالمگیر نظام ہے ، حج وہ واحد عبادت ہے جو دنیا کے الگ الگ ملکوں کے مسلمانوں کے بغیر رنگ و نسل اور قومیت کے فرق کے بغیر ایک کردیتی ہے اور دنیا کو یہ پیغام دیتی ہے کہ قوم مسلم ہر بدلتے دن کے ساتھ زیادہ منظم ہورہی ہے اور اسلام اپنے عروج کی جانب لوٹ کر آرہا ہے۔
انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کے ناظم سیف الاسلام نے کہا کہ عالم اسلام اس وقت عالم کفر کے نرغے میں ہے، دین مصطفی ۖ پھر ایک بار سلطان صلاح الدین ایوبی کی ضرورت ہے، اس موقع پر انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری ، بابر مصطفائی نے کہا کہ پاکستان سے جانے والے حاجیوں کو بلخصوص اور تمام مسلمہ کو بلعموم حج کی مبارک باد پیش کرتے ہیں اور مقبولیت کی دعا دیتے ہیں، مرکزی و صوبائی کابینہ کے مشورے سے دیگر اراکین و ذمہ داران نے بھی اظہار خیال کیا، مشورہ دارالعلوم غوثیہ کراچی میں ہوا۔