لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے سینئر رہنمااور سابق ممبرصوبائی اسمبلی حاجی قیصر امین بٹ القادری نے کہاہے کہ حکیم الامت حضرت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے اپنے فلسفہ خودی سے امت مسلمہ کو جینے کا شعور دیا ، علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ مملکت خداداد کا ٹصور پیش کرکے عقل و شعور رکھنے والوں ایک نئی اور پرامن راہ پر گامزن کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے راوی روڈ آفس میں حکیم الامت حضرت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کے موقع پرپاکستان مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے ہمراہ کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، حاجی قیصر امین بٹ کا کہنا تھاکہ حضرت علامہ محمد اقبال حقیقی معنوں میں سچے عاشق رسول ۖ اور خدا ترس انسان تھے۔ آپ ہر وقت یاد الٰہی ، کیف و سرور اور وجد میں رہنے والی شخصیت تھے ، ایسے سچے اور مخلص لوگ اللہ رب العزت مدتوں بعد پیدا فرماتا ہے جو آگے چل کر امت کی رہنمائی اور ان کو اللہ رسول ۖ کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، آج بھی حضرت علامہ محمد اقبال کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر ہم وطن عزیز پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے خواب کو شرمند ہ تعبیر بنا سکتے ہیں۔