کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس نے حلیم عادل شیخ اور دیگر ملزمان کو بکتر بند گاڑی میں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے۔
عدالت میں دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے حلیم عادل شیخ اور دیگر ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
سرکاری وکیل نے عدالت سے پانچ روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس کی حلیم عادل کے وکیل نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کیس نہیں بنتا لہٰذا ریمانڈ کی درخواست مسترد کی جائے۔
تاہم عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل، غلام مصطفیٰ، عبدالحسیب، محمود اور رمضان کا تین روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
عدالت نے پولیس کو ملزمان کو جمعہ کے روز دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز پی ایس 88 ملیر کے ضمنی الیکشن کے موقع پر حلقے میں ہنگامہ آرائی کے دوران پولیس نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو الیکشن کمیشن کی شکایت پر گرفتار کیا۔