غزہ (جیوڈیسک) حماس نے اسرائیل سے جنگ بندی کی مصری تجویز مسترد کردی ہے، حماس کا کہنا ہے کہ تجویز پر عمل کرنا اسرائیل کے سامنے ہتھیار ڈالنا ہو گا۔ مصرنے غزہ میں اسرائیل اور حماس میں جنگ بندی کی تجویز دی ہے۔
مجوزہ جنگ بندی کے دوران غزہ میں اشیائے خور و نوش اور دیگر سامان پہنچایا جاسکے گا۔ جنگ بندی کی تجویز پر اپنے رد عمل میں حماس کا کہنا ہے کہ کسی ٹھوس معاہدے کے بغیر جنگ بندی نہیں کریں گے۔ جنگ ہو رہی ہوتو اسے روک کر مذاکرات نہیں کئے جا سکتے۔
حماس نے کہا کہ مصری تجویز پر عمل کرنا اسرائیل کے سامنے ہتھیار ڈالنا ہو گا۔ حماس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسرائیل پر حملے جاری رکھیں گے۔ حماس کے عسکری شعبہ قسام بریگیڈ کا کہنا ہے کہ کسی سرکاری یا غیر سرکاری ذرائع نے رابطہ نہیں کیا ہے۔
تجویز میڈیا کے ذریعہ سامنے آئی ہے،لیکن اگر اس تجویز کے مندرجات درست ہیں تو یہ ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے اور ہم اسے مسترد کرتے ہیں۔ دوسری جانب عرب لیگ نے اپنے ہنگامی اجلاس میں فلسطین کی جانب سے عالمی تحفظ کی حمایت کرتے ہوئے تنازع میں شریک تمام فریقین سے مصری حکومت کی جنگ بندی کی تجویز کی حمایت کی اپیل کی ہے۔