کراچی (جیوڈیسک) سپریم کورٹ کراچی میں حامد میر تحقیقاتی کمیشن کی سماعت جسٹس انورظہیر جمالی کی سربراہی میں ہوئی ، آئی جی سندھ اور دیگر اداروں کی جانب سے حامد میر پر حملے اور تفتیش کے زاویوں سے متعلق بریفنگ رپورٹس پیش کی گئیں۔
تین رکنی کمیشن میں سربراہ جسٹس انورظہیر ، جسٹس اعجاز افضل خان اور جسٹس اقبال حمید الرحمان شامل ہیں۔تحقیقاتی کمیشن نے سماعت بند کمرے میں کی۔ ڈی جی رینجرز میجر جنرل رضوان اختر بھی کمیشن کے روبرو پیش ہوئے۔
سماعت کے موقع پر آئی جی سندھ اقبال محمود نے کمیشن کو جائے وقوعہ اور سینئر صحافی اور جیو نیوز کے اینکر حامد میر پر حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
کمیشن کے روبرو ڈی جی رینجرز میجر جنرل رضوان اختر، سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر نیاز عباسی، ڈی آئی جی ایسٹ منیر شیخ ، جوائنٹ ڈائریکٹر آئی بی سمیت دیگر حکام نے بھی اپنی رپورٹس پیش کیں۔ کمیشن نے کارروائی کی میڈیا کوریج اور اداروں کے افسران کو اس پر کسی قسم کے بیانات دینے کی بھی اجازت نہیں دی۔