حامد میر پر حملے کے بعد بھارتی میڈیا کی رپورٹنگ پر حیرت نہیں ہوئی، دفتر خارجہ

Tasneem Aslam

Tasneem Aslam

اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان دفترخارجہ تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ الطاف حسین کے پاسپورٹ کی درخواست سے متعلق وزارت داخلہ سے کوئی اپ ڈیٹ نہیں ملی ، حامد میر پر حملے کے بعد بھارتی میڈیا کی رپورٹنگ پر حیرت نہیں ہوئی ، بھارتی میڈیا کا پاکستانی اداروں کی طرف یہی رویہ ہے۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ حامد میر پر حملہ افسوسناک ہے ،‬ ‫واقعے کے بعد منفی رپورٹنگ بھی انتہائی افسوسناک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ‫حامد میر پر حملے کے بعد بھارتی میڈیا کی رپورٹنگ پر حیرت نہیں ہوئی۔‬

‫بھارتی میڈیا کا پاکستانی اداروں کی طرف یہی رویہ ہے۔ تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے پاسپورٹ کی درخواست سے متعلق وزارت داخلہ سے کوئی اپ ڈیٹ نہیں ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان طے نہیں تھا۔ ایرانی وزیر داخلہ کے دورہ پاکستان کی تاریخیں طے کی جا رہی ہیں۔

وزیر اعظم نواز شریف پندرہ مئی سے پہلے ایران کا دورہ کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف برطانوی ہم منصب ڈیوڈ کیمرون کی دعوت پر تیس اپریل سے دو مئی تک برطانیہ کا دورہ کریں گے۔

‫وزیر اعظم نواز شریف برطانوی کابینہ کے اراکین سے بھی ملاقات کرینگے تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ امریکی نمائندہ خصوصی جیمز ڈوبنز تئیس سے پچیس اپریل تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔

جیمزڈوبنز کی سرتاج عزیز، چودھری نثار اور آرمی چیف سے ملاقاتیں طے ہیں۔ ملاقاتوں کے دوران افغانستان کی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات پر بات ہو گی۔