پشاور (جیوڈیسک) طالبان مذاکرات کار کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم نے کہا ہے کہ مذاکراتی عمل ختم نہیں کیا گیا۔ دونوں جانب سے اعتماد کی کمی کے باعث کچھ مشکلات حائل ہیں۔
تاہم وہ مایوس نہیں۔ مرکز اسلامی پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ فریقین میں بے اعتمادی مذاکراتی عمل میں خلل کی بڑی وجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رجب کا مبارک مہینہ ہے جس میں کفار بھی ایک دوسرے پر حملے نہیں کرتے۔
دونوں جانب سے جنگ بندی کا اعلان ہونا چاہیے۔ پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا کہ حامد میر پر قاتلانہ حملے اور جیو نیوز کی بندش کی کوششوں کی مذمت کرتے ہیں۔ کمیشن کو حامد میر پر حملے کی آزادانہ طور پر تحقیق کرنی چاہیے۔ جو بھی ملوث رہا ہو۔ اسے سزا دینی چاہیے۔ کسی بھی چینل کو بند نہیں کرنا چاہیے۔ پیمرا سوچ بچار سے کام لے۔