میاں چنوں (نمائندہ خصوصی) مشن ہاسپٹل ملتان کی ریٹائرڈ سنئیر سٹاف محترمہ شبنم فیروز اور عمانوایل جلال اکائونٹنٹ کے صاحبزادے ڈاکٹراتمر فیروزنے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے بنیادی مرکزِ صحت امرت نگر 133 سولہ ایل کے میڈیکل آفیسر کی حیثیت سے چارج سنبھال لیا۔
اس موقع پر ان کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات میں ہیڈ ماسٹر آصف گل، کامران مختار اور کرسچن رائٹرز فیلو شپ کے چئیرمین معروف شاعر و کالم نویس ساحل منیر نے امرت نگر تعیناتی پر انہیں بھر پور مبارکباد پیش کی۔
علاوہ ازیں دیگر اہلیانِ دیہہ نے بھی ان کی تقرری کا دلی خیر مقدم کیا ہے۔ چونکہ ڈاکٹر اتمر فیروز کا تعلق اسی گائوں سے ہے اس لئے اہلیانِ علاقہ نے اپنے ہی گائوں کے ایک نوجوان کی بنیادی مرکزِ صحت امرت نگر میں بطور میڈیکل آفیسر تعیناتی پر گہری مسرت و شادمانی کا اظہار کرتے ہوئے اسے قابلِ فخر امر قراردیا ہے۔واضح رہے کہ اتمر فیروز نے لاسال ہائر سیکنڈری سکول ملتان سے ایف ایس سی کا امتحان پاس کیا اور بعد ازاں 2015ء میں نشتر میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کرنے کے بعد کچھ عرصہ مشن ہاسپٹل ملتان میں خدمات سرانجام دیں۔
Doctor Itmar’s office at BHU Amrit Nagar
اسی دوران انہوں نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے امتحان میں کامیابی حاصل کی اور اپنے ہی گائوں کے بنیادی مرکزِ صحت کا چارج سنبھالتے ہوئے اہلیانِ علاقہ کا سر فخر سے بلند کر دیا ۔مقامی سماجی حلقوں کا خیال ہے کہ ڈاکٹر اتمر فیروز کی آمد سے یقینناً بنیادی مرکزِ صحت کی خدمات کا معیار بلند ہو گا اور لوگوں کو صحت کی بہتر سہولیات میسر ہونگی۔