پھانسی کے بعد اخلاق کی لاش روس بھجوانے پر تنازع

Hanging

Hanging

اسلام آباد (جیوڈیسک) روس سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد اخلاق کو پھانسی کے بعد لاش کی حوالگی تنازعہ بن گئی۔

وزارت خارجہ کے احکامات پر روسی سفارتخانے اور دہشت گرد کے ورثا کو پمز سے لاش حوالے کرنے کے بعد تھانہ مارگلہ کے ایس ایچ او کو معطل کر دیاگیا جب کہ لاش چوری کرنے کے الزام میں کشمیر پولیس نے الخدمت فاؤنڈیشن کے ملازم کیخلاف الگ سے مقدمہ درج کیا ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ مارگلہ تھانہ میں بھی اسی ڈرائیورکیخلاف پمزسے لاش چوری کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اسلام آباد پولیس کے ایک افسر نے نام نہ ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ کشمیر میں سپیشل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سے دہشتگرد کے ورثاء نے جو کہ روس سے آئے تھے قبرکشائی کی اجازت لی۔ اس موقع پر روسی سفارتخانہ کا سٹاف بھی موجود تھا۔

الخدمت فاؤنڈیشن کی ایمبولینس کا ڈرائیور ورثاکے ہمراہ لاش لیکر اسلام آباد آگیا جس پر وفاقی پولیس کو کشمیر حکومت کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ قبر کشائی اس لیے کروائی گئی کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سے استدعا کی گئی تھی کہ دہشتگرد کی والدہ نے اس کا منہ دیکھنا ہے جس کے بعد لاش دوبارہ دفنا دی جائے گی مگر وہ لاش لیکر پمز میں آگئے۔

ایک دوسرے پولیس آفیسر نے بتایا کہ لاش تو وزارت خارجہ کی ہدایت پر ہی ورثا لیکرگئے مگر بعد میں لاش چوری کے مقدمہ کا اندراج سمجھ سے باہر ہے۔