پھانسی پر پابندی کا مطالبہ دہشتگردوں کی سرپرستی کے مترادف ہے، امیر پٹی

Hanging

Hanging

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) دنیا میں امن و انصاف کی عملداری کیلئے وجود میں آنے والی اقوام متحدہ اپنے قیام کے مقاصد میں مکمل ناکام ہو چکی ہے اور سامراجی و طاقتور کے ہاتھوں یرغمال بن کر تیسری دنیا کے کمزور ممالک پر پابندیوں کے ذریعے عالمی استحصال کو جنم دے رہی ہے۔

اب پاکستان میں دہشتگردوں کے خلاف قانونی کاروائی پر پھانسیوں پر پابندی کا اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری بانکی مون کا مطالبہ اور پھانسیوں کے قانونی فیصلوں پر عملدرآمد بند کرانے کیلئے وزیراعظم نواز شریف سے رابطہ اس بات کا ثبوت ہے کہ امن عالم کی علمبردار اقوام متحدہ امن کے دشمنوں کی درپردہ سرپرستی کررہی ہے ۔محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے عارضہ قلب میں مبتلا علیل قائد و چیئرمین امیر پٹی نے ادارہ امراض قلب سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ پھانسیوں پر عملدرآمد روکنے کیلئے اقوام متحدہ کا وزیراعظم سے رابطہ پاکستان کے اندورنی معاملات میں مداخلت اور دہشتگردوں کی سرپرستی کے مترادف ہے۔

دوسری جانب محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین فاروق کمال ‘ وائس چیئرمین محمد اسلم خان ‘ یونس سایانی ‘ صدر محمد سلیمان راجپوت ‘سینئر نائب صدر حاجی امیر علی خواجہ ‘ جنرل سیکریٹری محمد انور ایڈوکیٹ ‘ فائنانس سیکریٹری محمد اقبال ٹائیگر ‘ تبسم ناز ‘ میڈم انیتا اور دیگر عہدیداران نے اپنے قائد کی صحتیابی کیلئے سات بکروں کا صدقہ دینے کے بعد قوم سے امیر پٹی کی صحتیابی کیلئے دعا کی اپیل کی ہے۔