اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے پریس کانفرنس میں ہنگو ڈرون حملے کو پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ حملے میں چار پاکستانی بھی مارے گئے۔ شریں مزاری نے ڈرون حملے کا ذمہ دار سی آئی اے کے ڈائریکٹَر واشنگٹن جون او برینن اور پاکستان میں سی آئی اے کے اسٹیشن چیف کریگ اوستھ کو نامزد ملزم قرار دیا۔
تحریک انصاف کی ترجمان کا کہنا تھا کہ سی آئی اے جاسوسی کے زریعے مخصوص ڈیوائس مطلوبہ علاقے میں یا گھر تک پہنچاتی ہے ، اس مقام یا گھر کو ڈرون سے نشانہ بنایا جاتا ہے ، ہنگو ڈرون حملے میں سی آئی اے اسٹیشن چیف ہی ملوث ہے۔ کریگ اوستھ کو سفارتی استثنی حاصل نہیں اس لیے شامل تفتش کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ نامزدگی کی درخواست کی نقل آئی جی خیبر پختونخواہ اور سی پی او ہنگو کو بھیج دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت نے کریگ کا نام ای سی ایل میں شامل نہ کیا تو عدالت سے وارنٹ گرفتاری بھی لے سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر وفاقی حکومت نے تعاون نہ کیا تو وہ سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔
اس موقع پر تحریک انصاف کے قانونی مشیر شہزاد اکبر نے بتایا کہ ہنگو ڈرون حملے کے بعد تھانہ ٹل کے ایس ایچ او نے ایف آئی آر درج کی تھی کی مگر کسی کو نامزد نہیں کیا تھا، اب نامزدگی کے بعد تفتیش آگے بڑھے گی۔