ہنگو میں پولیس اہلکار شہری کو بچاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا

Hangu

Hangu

ہنگو (جیوڈیسک) ہنگو میں ایک پولیس اہلکار ،شہری کو بچانے کے لیے اپنی جان پر کھیل گیا۔ کنویں میں گرے شہری کو بچانے خود بھی اندر اترا لیکن کنویں میں بھری زہریلی گیس نے دونوں افراد کی جان لے لی۔ہنگو پولیس کے اس انسان دوست اہلکار کا نام نیاز محمد ہے۔جس نے ایک شہری کی زندگی بچانے کی خاطر، اپنی جان قربان کر دی۔

ہنگو کے نواحی علاقے اسپین خاوری میں گشت پر مامور پولیس پارٹی، خاتون کی چیخ پکار سن کر اس کے گھر پہنچی۔معلوم ہوا کہ ایک شخص گھر میں بنے کنویں میں گر گیا ہے۔

اس شخص کو نکالنے کے لیے اہلکار نیاز محمد رسی کے ذریعے کنویں میں اترا لیکن رسی ٹوٹ جانے سے وہ بھی اندر جاگرا۔اندر گرنا تھا کہ کنویں میں بھری زہریلی گیس سے نیاز محمد کی زندگی کی ڈور بھی ٹوٹنے لگی۔

دو گھنٹوں کی کوششوں کے بعد دونوں افراد کو نکالا گیا۔لیکن شہری کے ساتھ نیاز محمد بھی دم توڑ چکا تھا۔نیاز محمد کی دو سال قبل ہی شادی ہوئی تھی، جس کے دو پھول سے بچے ہیں۔ گھر کا واحد کفیل اپنی جان قربان کر گیا۔اب خاندان کی کفالت کا ذمہ دار کون ہو گا۔