ہنگو (جیوڈیسک) ہنگو کے علاقے خرلاچی میں ایک بار پھر دہشتگردوں نے امن و امان کو تباہ کرنے کی کوشش میں ریموٹ کنٹرول دھماکہ کر دیا جس کی زد میں آ کر دو ایف سی اہلکار شہید اور تین زخمی ہو گئے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے پہلے سے نصب بموں کے پھٹنے سے ہوئے جن کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کنٹرول کیا گیا۔
دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی آواز کئی کلومیٹرز دور تک سنی گئی ۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا اور چند مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد دی اور بعد ازاں انہیں علاج کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ان کا علاج جاری ہے ۔ سکیورٹی اہلکاروں نے دھماکے کے بعد جگہ کو گھیرے میں لے لیا اور جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کر کے مجرموں کی تلاش کا کام شروع کر دیا۔