ہنگو (جیوڈیسک) ہنگو اورکزئی ایجنسی میں طالبان کمانڈر ملا نبی حنفی کے مرکز پر خودکش حملہ کیا گیا ہے جس میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 12 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مقامی طالبان کمانڈر ملانبی حنفی کے مرکز میں چند افراد نے گھس کر فائرنگ کی اور کچھ ہی دیر بعد بارود سے بھری گاڑی کو مرکز کے اندر دھماکے سے اڑا دیا۔
مقامی افراد کے مطابق خودکش حملے میں اب تک 12 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن کی لاشوں کو نکالا جاچکا ہے جبکہ حملے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں تاہم سرکاری ذرائع نے اب تک ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی۔ ذرائع کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ پورا علاقہ زلزلے کی طرح ہل کر رہ گیا جبکہ دھماکے میں مقامی طالبان کا مرکز مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔