کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی معین عامر پیر زادہ نے کہا کہ حق پرست قیادت ملک کے ہر کونے میں عوام کی خدمت کر رہی ہے اور حق پرست قیادت ہمیشہ سے خدمت برائے انسانیت پر یقین رکھتی ہے اور حق پرست قیادت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے قائد تحریک الطاف حسین کی ہدایت اور ان کے ویژن پر عمل کر رہی ہے علاقائی ترقیاتی کا موں کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر عوام کو بنیادی علاقائی مسائل سے نجات دلانے کیلئے شب و روز کو شاں ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلال کالونی میں زیر تعمیر پلیہ کے تعمیراتی کام کے معائنے کے موقع پرکیا اس موقع پر ان کے ہمراہ میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی مسرور میمن ،فوکل پرسن کورنگی زون محمد مبین صدیقی اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے انہوں نے مزیدکہا کہ حق پر ست قیادت گلیوں اور محلوں کی سطح پر علاقائی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے زریعے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی ان کی دہلیز تک ممکن بنانے پر یقین رکھتی ہے اور حق پرست قیادت کی کوشش ہے کہ عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کئے جائیں۔
حق پرست رکن اسمبلی معین عامر پیر زادہ نے کہا کہ بلدیہ کورنگی میں جاری کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے اورکورنگی کی ترقی کیلئے کسی بھی قسم کی مدد کیلئے تمام حق پرست نمائندے شب وروز آپ کے درمیان موجود ہیں اور عوامی مسائل کے حل کیلئے تمام تر وسائل کی فراہمی کیلئے ہر سطح پر رابطہ میں ہیں میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی مسرور میمن نے موقع پر موجود محکمہ جاتی افسران کو ہدایات کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں عوامی خدمت کو ترجیح دیں۔
عوام بھی صفائی ستھرائی اور دیگر امور میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرے انہوں نے کہا کہ کورنگی میں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں کسی بھی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا ناجائز تجاوزات ترقیاتی کاموں کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے جس کی وجہ سے عوام الناس کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔