ہرارے (جیوڈیسک) کمزور ٹیم نے پاکستانی بیٹنگ کے پرخچے اڑا دیئے۔ آسان ہدف بھی پہاڑ بن گیا۔ ہرارے ٹیسٹ میں زمبابوے نے پاکستان کو 24 رنز سے شکست دیدی۔ سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی۔
سیریز کے آخری ٹیسٹ میں قومی ٹیم نے ایک سو اٹھاون رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔ دوسو چونسٹھ کے تعاقب میں جب ٹوٹل ایک سو تریسٹھ پر پہنچا تو عدنان اکمل مشکلات میں اضافہ کر کے پویلین پہنچ گئے۔ سولہ رنز پر آؤٹ ہونے والے عبدالرحمان بھی کپتان کی منزل کو آسان نہ بنا سکے۔
کھانے کے وقفے تک جیت کے لیے پاکستان کو 47 رنز اور زمبابوے کو 2 وکٹیں درکار تھیں۔ 238 رنز کے اسکور پر جنید خان بھی آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کی جانب سے سب سے آخر میں بلے بازی کے لئے راحت علی میدان میں آئے لیکن ایک ہی رن کا اضافہ کرنے کے بعد وہ بھی میدان بدر ہو گئے اور اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم 239 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
کپتان مصباح الحق 79 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ زمبابوے کی جانب سے چھتارا نے5 اور اتسیا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ویٹوری اور پنیاگارا کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ دوسرا ٹیسٹ ہارنے کے بعد دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی جبکہ زمبابوے نے 15 برس بعد پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میں فتح حاصل کی اس سے قبل 1995 اور 1998 میں ٹیسٹ میچط ہرا چکا ہے۔