ہرارے (جیوڈیسک) ہرارے ٹیسٹ کے دوسرے دن زمبابوے 237 رنز سے دوبارہ کھیل شروع کرے گا جبکہ اس کی دو وکٹیں باقی ہیں۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن زمبابوے نے اپنی پہلی اننگز میں کھیل ختم ہونے تک 8 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنائے، جبکہ کریز پر اسوقت چتارا صفر اور اتسیا 14 پر موجود ہیں۔اس سے قبل ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کا ٹاس زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر نے جیت پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا، تاہم صرف 31 پر دو وکٹیں کھونے کے بعد زمبابوے کے کپتان ٹیلر51 اور مساکڈزا 75 نے اپنی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا اور 110 رنز کی شاندار شراکت جوڑی۔
اور زمبابوے نے پہلے دن کے کھیل میں نوے اوورز میں آٹھ وکٹیں کھوکر 237 رنز بنائے، زمبابوے کے دوسرے قابل ذکر بیٹسمینوں میں ویلر 23اور ٹیناشے پنیانگرا 24 تھے۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان نے تین، راحت علی اور عبدالرحمن نے دو دو جبکہ سعید اجمل نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔ اس میچ میں پاکستان نے کوئی تبدیلی نہیں کی اور پہلے ٹیسٹ کی وننگ الیون کو برقرار رکھا، دوسری جانب زمبابوے نے دو تبدیلیاں کی تھیں جن میں کپتان برینڈن ٹیلر اور ویٹوری کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔