ہراسگی الزام، اکشے نے ’’ہائوس فل 4‘‘ کی شوٹنگ کینسل کر دی

Akshay Kumar

Akshay Kumar

ممبئی (جیوڈیسک) اداکار عامر خان اور امیتابھ بچن کے بعد اکشے کمار نے جنسی ہراسگی کے الزام کا سامنا کرنیوالے ہدایتکار ساجد خان اور اداکار نانا پاٹیکر کی شمولیت کے بعد فلم ’’ہاؤس فل 4‘‘ کی شوٹنگ منسوخ کر دی۔

اکشے کمار نے سوشل میڈیا پر می ٹو مہم کی حمایت کرتے ہوئے لکھا میں گزشتہ رات ہی چھٹیوں سے واپس آیا ہوں اور آتے ہی میں نے ساجد خان پر جنسی ہراسگی کے الزامات سے متعلق پڑھا جس نے مجھے بہت پریشان کر دیا، انہوں نے کہا میں کسی بھی ایسے انسان کے ساتھ کام نہیں کرسکتا جو جنسی ہراسگی جیسے واقعات میں ملوث ہو۔

واضح رہے ساجد خان پر اداکارہ سلونی چوپڑا، ریچل وائٹ اور خاتون صحافی کرشمہ نے ہراسگی کے الزامات لگائے ہیں۔ دوسری جانب لیجنڈ بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن نے بھی انڈسٹری میں جاری جنسی ہراسگی کے واقعات پر خاموشی توڑ دی اور کہا کہ اگر ہم خواتین کو عزت نہ دے سکیں تو یہ ہمارے لئے ایک نہ مٹنے والا داغ ہو گا، انہوں نے کہا ہمارے ملک میں کام کرنے والی خواتین کے ساتھ یہ سلوک دیکھ کر میرا دل افسردہ ہے۔

سشمیتا سین نے کہا ہراسگی کے خلاف می ٹو تحریک صرف اس وقت کام کرے گی جب لوگ متاثرہ فرد کی فریاد سنیں گے اور اس کی آواز بلند ہونے کا مطلب سمجھیں گے۔ جھانوی کپور کا کہنا تھا اس سے بہتر کچھ نہیں کہ عورتوں کو ان کے حقوق سے آگاہی دیتے ہوئے مردوں کو ان کے سماجی فرائض بھی بتائے جائیں۔