ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے آف سپنر ہر بھجن سنگھ اور بالی وڈ کی معروف اداکارہ گیتا بسرا رواں ماہ زندگی کی نئی اننگز شروع کرنے جا رہے ہیں۔ ہربھجن اور گیتا بسرا انتیس اکتوبر کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائینگے۔
شادی کی تقریب ہربھجن سنگھ کے آبائی علاقے جالندھر میں ہو گی۔ دو روز بعد ممبئی میں بھی شاندار تقریب کا اہتمام کیا جائے گا جس میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں ، ممبئی انڈینز کے مالکان میکش اور نیتا امبانی سمیت سیاستدانوں اور شوبز ستاروں کی بڑی تعداد شرکت کریگی۔
ہربھجن سنگھ شادی کے موقع پر مشہور ڈیزائنر راگویندرا راٹھور کی بنی ہوئی شیروانی زیب تن کریں گے جبکہ گیتا روایتی گاگرا میں نظر آئینگی۔ واضح رہے ہربھجن سنگھ اور گیتا بسرا کے دوستی کی خبریں گزشتہ کئی ماہ سے عام تھیں مگر دونوں ہمیشہ تردید کرتے رہے۔