راولپنڈی (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے قائد سرفراز احمد آرام کرنے کے بجائے ٹیم کی مسلسل بہتری کے خواہاں ہیں جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں سرفہرست پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ وہ پہلے سے زیادہ محنت کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے دورے میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں عالمی نمبر ایک کی پوزیشن حاصل کر کے بہت خوش ہیں کیونکہ انہیں یہ بہترین کامیابی ایک سالہ جدوجہد کے بعد ملی لیکن انہیں آئندہ سیریز کیلئے بھی اپنی محنت کا سلسلہ جاری رکھنا چاہئے کیونکہ موجودہ ٹیم نیوزی لینڈ میں بھی فتح کے حصول میں کامیاب ہو سکتی ہے ۔
قومی کپتان کے مطابق پاکستانی کرکٹرز کو مزید پریکٹس اور فٹنس میں بہتری درکار ہے تاکہ کیویز کیخلاف بھرپور قوت کے ساتھ میدان سنبھالا جائے ،اگرچہ تمام کھلاڑی قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں شریک ہونے کے سبب اپنی فٹنس کا معیار برقرار رکھ سکتے ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ میں گرین شرٹس کو صرف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا ہیں اور ان فارمیٹس میں عمدہ نتائج ممکن بنائے جا سکتے ہیں کیونکہ سری لنکا کیخلاف حالیہ سیریز میں بھی ٹیسٹ میچوں کے سوا قومی ٹیم کی کارکردگی بہت اچھی رہی تھی اور اگر نیوزی لینڈ کے دورے میں بھی درست کامبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترے تو فتح کے ساتھ وطن واپسی ہو گی۔