ہری پور (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پرانے طرز کی سیاست اور انداز حکومت ناکام ہوگئے اس لئے ہری پور میں 16 اگست کو پرانے اور نئے پاکستان والوں کا مقابلہ ہوگا۔
ہری پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے ذہنوں میں تبدیلی آچکی اور لوگ اپنے حقوق جان چکے ہیں، مغرب میں لوگ اپنے فیصلے خود کرتے ہیں،تحریک انصاف نے اقتدارکو نچلے طبقے تک منتقل کردیا، خیبرپختونخوا کے ہرضلع، تحصیل یونین کونسل اور گاؤں میں پیسے دیں گے، لوگ خود فیصلہ کریں گے کہ انہیں پیسہ کہاں خرچ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تبدیلی باتوں سے نہیں نظام کی تبدیلی سےآتی ہے صوبے میں پہلی دفعہ فنانس کمیشن ایوارڈ دیں گے، تحریک انصاف کے دور میں صوبائی وزیر کو احتساب کے لئے جیل میں ڈالا گیا، خیبرپختونخوا میں صوبائی وزیر پر کرپشن کے الزام کی تحقیقات شروع کیں کیا کبھی ایسا ہوا کہ وزیر کو احتساب کمیشن اٹھا کرلے جائے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میں نے خیبرپختونخوا کے عوام کو تھانا، کچہری، پٹواری سےآزاد کرانے کا عزم کیا تھا، تبدیلی تب آئےگی جب ایک پولیس والاعام آدمی اوروزیرمیں فرق نہیں کرے گا، حکمران عوام کے ٹیکس پر کام کرتے ہیں کسی پراحسان نہیں کرتے،عوام کے ٹیکس کے پیسے سے اپنے ناموں کے اشتہاری بورڈ لگانا غلط ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ قصور میں جو بچوں کے ساتھ ہوا اس کا انتہائی دکھ ہے، قصور واقعے کا مسئلہ اسمبلی میں اٹھائیں گے۔