ہرنائی کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو تبدیل کیا جا رہا ہے، چیف الیکشن کمشنر

Nasir-ul-Mulk

Nasir-ul-Mulk

کوئٹہ (جیوڈیسک) قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس ناصر الملک نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پولنگ کے عمل کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جہاں بھی کوئی مسئلہ ہوگا اسے حل کیا جائیگا۔

کوئٹہ میں پوسٹل کالونی میں قائم پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کے عمل کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے دوران صرف ہرنائی میں مسئلہ سامنے آیا ہے جس کے حل کے لیے کمشنر سبی کو بھیجا جا رہا ہے۔

وہ ہرنائی میں انتخابی امیدواروں سے ملاقات کریں گے، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہرنائی کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے حوالے سے قائم ہمارے کنٹرول روم کے مطابق صوبے کے تمام اضلاع میں پولنگ کا عمل پرسکون انداز سے جاری ہے۔

اس سے قبل قائم مقام چیف الیکشن کمشنر نے پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کے عمل جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری بابر یعقوب فتح، صوبائی الیکشن کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔