ہارون شہید فٹ بال ٹورنامنٹ میں ساجدی محمڈن اور قذافی گرین کی کامیابی

کراچی : شاہ فیصل کالونی فٹ بال اسٹیڈیم پر رحیم محمڈن اور ہزارہ محمڈن کے تعاون سے جاری آل کراچی شہید ہارون یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ میں مزید دو میچوں کے فیصلے ہوگئے پہلے میچ میں ساجدی محمڈن سفاری پارک کی ٹیم نے ایک کانٹے دار مقابلے کے بعد مضبوط حریف سلطان آباد یونین کو 2-1سے شکست دیکر اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا کھیل کے دوران پہلے ہاف میں ساجدی محمڈن کے فرید اور وسیم نے نہایت عمدہ گول اسکور کئے جبکہ سلطان آباد یونین کے یامین صرف ایک گول اسکور کرنے میں کامیاب رہے کھیل کے دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے مگر کوئی بھی ٹیم مزید گول اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔

ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں قذافی گرین نے ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیم تنظیم اسپورٹس کو ایک گول سے شکست دیدی کھیل کے ابتدائی لمحات میں ہی قذافی گرین کے عثمان نے نہایت خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا نے میں اہم کردار ادا کیا جو کہ کھیل کے اختتام تک جاری رہا تنظیم اسپورٹس کے فارورڈز نے گول کرنے کے کئی آسان مواقع ضائع کردیئے دونوں ٹیموں کے نہایت شاندار کھیل پر گرائونڈ میں موجود شائقین فٹ بال نے بھر پور داد پیش کیا ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے میچوں میں ریفری کے فرائض عبدالکریم ،جاوید بنگش ،میر افضل ،فرید خان اور پرویز گل نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر اور میڈیا کوارڈینٹر کے فرائض حاجی محمد اقبال اور شیر افضل نے انجام دیئے۔

Football Tournament

Football Tournament