لاس اینجلس (جیوڈیسک) غریب اور نادار بچوں میں تعلیم کے فروغ کے لئے چندہ اکٹھا کرنے کے لئے دنیا کا چکر لگانے کے خواہشمند حارث سلیمان کے والد بابر سلیمان کی تلاش ابھی تک جاری ہے۔
حارث سلیمان کی بہن حبا سلیمان نے کہا ہے کہ ان کے بھائی اور والد نے کسی بھی ممکنہ حادثے سے نمٹنے کی باقاعدہ تربیت لی تھی لیکن بعض اوقات انسان پلان کچھ کرتا ہے اور ہو کچھ جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے والد کے زندہ مل جانے کی دعا کی اپیل کی۔ امریکی ریاست انڈیانا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حبا سلیمان بڑی باہمت نظر آئیں۔
مسکراتے چہرے کے ساتھ وہ اپنے چھوٹے بھائی حارث سلیمان کو یاد کرتی رہیں۔ حبا نے بتایا کہ حارث سے ایک روز قبل ہی ان کی بات ہوئی تھی وہ اپنے والد کا کریڈٹ کارڈ نمبر مانگ رہا تھا تاکہ اپنی مرضی سے کسی اچھے ہوٹل میں کمرہ بک کرا سکے۔ امریکی ایوی ایشن نے پاکستانی نژاد حارث سلیمان اور ان کے والد بابر سلیمان کے جہاز کے حادثے کی تحقیقات کا اعلان کردیا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق امریکی ایوی ایشن مقامی انتظامیہ کے ساتھ ملکر تحقیقات کرے گی۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے طیارہ حادثے میں 17 سالہ پاکستانی نژاد امریکی پائلٹ کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار ہے۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے لئے دنیا کا چکر لگانے والے حارث سلیمان کی کم عمری میں خدمات قابل تحسین ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق حارث سلیمان کے طیارے کا ملبہ مل گیا تاہم طیارے کا بلیک باکس نہیں ملا۔ حارث سلیمان کی خالہ امتل رحیم نے کہا ہے کہ حارث سلیمان حفاظتی انتظامات کے بغیر طیارہ نہیں اڑاتا تھا یہ حادثہ کیسے پیش آیا کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا۔
حارث سلیمان کی اچانک موت ناقابل یقین ہے۔ امتل رحیم نے قوم سے اپیل کی کہ حارث کے والد کی زندگی کے حوالے سے دعا کرے۔ انہوں نے بتایا کہ حارث سلیمان کی فیملی امریکہ میں مقیم ہے، تدفین امریکہ میں ہی ہو گی۔