اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے ریڈ وارنٹ کے لیے انٹرپول سے رابطہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے حکومت کی طرف سے انٹرپول کے ہیڈ کوراٹر فرانس کو درخواست بھیج دی جس میں کہا گیا ہے کہ حسن اور حسین نواز احتساب عدالت کے ریفرنسز میں اشتہاری قرار دیئے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے حسن اور حسین نواز کے ریڈ وارنٹ کے لیے جمعرات کو درخواست بھیجی گئی جس میں کہا گیا کہ پاکستان میں عدالت نے دونوں ملزمان کے دائمی وارنٹ جاری کر رکھے ہیں۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دونوں صاحبزارے ایون فیلڈ، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نامزد تھے، جن کی مسلسل غیر حاضری پر احتساب عدالت نے ان کا کیس الگ کرتے ہوئے انہیں اشتہاری قرار دیا تھا۔
احتساب عدالت 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نامزد سابق وزیراعظم نواز شریف کو 11 سال، مریم نواز کو 7 سال اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنا چکی ہے۔