کولمبو (جیوڈیسک) جنوبی افریقہ نے ہاشم آملا کی سنچری کی بدولت پہلے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو 75 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔
اتوار کو آر پریماداسا سٹیڈیم، کولمبو میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔
ہاشم آملہ اور اے بی ڈی ولیئرز کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنائے۔ ہاشم آملہ نے کیریئر کی 13 ویں سنچری سکور کی اور 109 رنز بنائے جبکہ کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے 75 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
دیگر بلے بازوں میں ڈیوڈ ملر 36 ، کوئنٹن ڈی کوک 27 اور رائن میکلیرن 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سری لنکا کی طرف سے اجنتھا مینڈس نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سری لنکا کی ٹیم کمار سنگاکارا کی شاندار بلے بازی کے باوجود مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹی40.3 اوورز میں 229 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
کمار سنگاکارا نے 88 رنز شاندار اننگز کھیلی جبکہ تلکرتنے دلشان 40 اور کسال پریرا 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جنوبی افریقا کی طرف سے عمران طاہر تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ ریان میک لیرن، مورنے مورکل اور ڈیل سٹین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ فاتح ٹیم کے ہاشم آملہ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ بدھ نو جولائی کو پالے کیلی میں کھیلا جائے گا۔