حسرت موہانی فیملی پارک اینڈ منی ذوو میں جاری ترقیاتی و تزئین و آرائش کے حوالے سے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت

کراچی: ایڈمنسٹریٹر عمران اسلم نے ضلع کورنگی کے تمام زونز میں قائم فیملی پارکوں کو صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی کا مرکز بنا نے کا اعلان کرتے ہوئے محکمہ پارکس ڈی ایم سی کورنگی کو ہدایت کی ہے کہ فیملی پارکوں میں سہولیات کی فراہمی کے ساتھ صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات کی درستگی کو یقینی بنا یا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی میں قائم حسرت موہانی فیملی پارکس اینڈ منی ذوو کا تفصیلی دورہ کرکے جاری ترقیاتی و تزئین و آرائش کے کاموںکا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈی ایم سی کورنگی شاہ فیصل زون کے متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

فیملی پارک میں جاری ترقیاتی و تزئین و آرائش کے حوالے سے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر عمران اسلم نے محکمہ پارکس کو ہدایت کی کہ جاری انتظامات کوجلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچا کر فیملی پارکس میں عوام کو صحت مند ماحول اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے شاہ فیصل کالونی میں قائم منی ذوو کا معائنہ کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر عمران اسلم نے شاہ فیصل زون کے محکمہ پارکس کو ہدایت کی کہ منی ذوو میں جانوروں اور پرندوں میں اضافے کے ساتھ ذوو میں صفائی وستھرائی اور جانوروں کے تحفظ کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں۔

ایڈمنسٹریٹر عمران اسلم نے کہاکہ ضلع کورنگی میں بسنے والے ہر فرد کو صاف ستھرا صحت مند ماحول کی فراہمی ہماری ترجیح ہے تمام محکمہ جاتی افسران عوامی خدمات کے حوالے سے اپنی محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے علاقائی مسائل کے حوالے سے عوام کو درپیش شکایات کا ازالہ ممکن بنائیں۔