واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ کی اٹارنی جنرل لوریٹا لنچ نے کہا ہے کہ نفرت پر مبنی جرائم امریکی معاشرے کے پورے تانے بانے کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور ’ہماری قوم کی روح‘ پر دھبہ ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق لوریٹا لنچ نے یہ بات پیر کے روز ریاست ورجینیا کے آل ڈیلس ایریا مسلم سوسائٹی سینٹر، ایڈم سینٹر کے دورے میں مختلف عقائدکے رہنماوں سے ملاقات کے دوران کہی۔
ایف بی آئی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سال دو ہزار پندرہ میں مسلمانوں کے خلاف نفرت پر مبنی حملوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا، اورمسلمانوں کے خلاف 257 ایسے حملے ہوئے ، جنہیں نفرت پر مبنی قراردیا جا سکتا ہے۔ یہ ستمبر دو ہزار گیارہ کے فوری بعد مسلمانو ں کے خلاف ہونے والے 480 حملوں کے بعد ایسے حملوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
امریکی اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ تشدد کے واقعات میں ایسا ‘سنگین اضافہ تمام امریکیوں کے لئے خطرے کی گھنٹی کی حیثیت رکھتا ہے’۔
اٹارنی جنرل نے بظاہر نو منتخب امریکی انتظامیہ کا طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس عمومی تشویش سے آگاہ ہے کہ امریکہ نے شہری آزادیوں کو محفوظ بنانے کے لئے اب تک جوپیش رفت کی ہے، وہ ضائع ہو سکتی ہے۔
ایڈم سینٹر کے امام ماجد کا کہنا تھا کہ مذہبی آزادیوں کی حفاظت کرنا ڈیمو کریٹک یا ریپبلکن اور دائیں اور بائیں بازو کا مسئلہ نہیں ، بلکہ امریکہ کا مسئلہ ہے۔