کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ کے سربراہ ایئرکموڈور (ر) عثمان غنی کو عہدے سے ہٹادیا گیا۔
ائرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ کے سربراہ ایئرکموڈور (ر) عثمان غنی کو عہدے سے ہٹادیا گیا ہے، عثمان غنی 2018 سے ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ کے سربراہ تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان غنی نے حویلیاں حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کی تھی، انہوں نے دباؤ کے باوجود اے ٹی آرطیارہ حادثے کی رپورٹ مکمل کی، طیارہ حادثہ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ آچکی ہے جب کہ تفصیلی رپورٹ آنا باقی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایئرکموڈور (ر) عثمان غنی ملازمت مکمل ہونے پر 31 دسمبر کوپاک فضائیہ سے ریٹائرڈ ہوگئے تھے، تاہم اے ٹی آر حادثے کی تحقیقات مکمل ہونے سے پہلے انہیں ائرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ کے سربراہ کے عہدے سے ہٹانے کا معاملہ شکوک وشبہات پیدا کر رہا ہے۔
دوسری جانب ترجمان وزارت ہوابازی عبدالستار کھوکھر کا کہنا ہے کہ عثمان غنی 31 دسمبر کو ریٹائر ہوگئے تھے اس لیے انہیں اس عہدے سے ہٹادیا گیا، انہیں پہلے ہی ایکسٹینشن دی جاچکی تھی، ایئرکرافٹس انویسٹی گیشن بورڈ کے سربراہ کے لیے نئے ناموں پر غور جاری ہے۔