ایبٹ آباد (جیوڈیسک) ہزارہ ڈویژن کے ارکان پالیمنٹ نے سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہوکر صوبہ ہزارہ کے قیام کی حمایت کردی ہے۔ اس بات کا انکشاف مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردارمحمد یوسف نے کیا، فرنٹیئر ہاوس ایبٹ آباد میں ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہزارہ ڈویژن کے ارکان پارلیمنٹ صوبائی و قومی اسمبلی اور سینٹ میں صوبہ ہزارہ کی قرارداد کی حمایت کریں گے جس کا فیصلہ ہزارہ کے اراکین پارلیمنٹ کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔
اجلاس میں مسلم لیگ ن، تحریک انصاف، جے یو آئی ف اور جمہوری وطن پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی، سردارمحمد یوسف نے کہا کہ صوبہ ہزارہ کے قیام کیلئے دیگر سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے کیلئے پانچ رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے، صوبہ ہزارہ کا مطالبہ آئینی اور قانونی حق ہے اس مطالبے کو پورا کرانے کیلئے مسلم لیگ ن پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتوں سے بات کرے گی۔