ہزارہ اپنے محل وقوع اور خوشگوار موسموں کی وجہ سے کھیلوں کے فروغ کیلئے انتہائی موزوں علاقہ ہے، عابد علی خان
Posted on September 21, 2013 By Geo Urdu پشاور, سٹی نیوز
پشاور : کمشنر ہزارہ عابد علی خان نے کہا ہے کہ ہمارے ڈویژن میں کھیلوں کے فروغ کا بہت زیادہ سکوپ ہے۔ موسم گرما مرطوب ہونے کے لحاظ سے کرکٹ ہاکی سمیت دیگر کھیلوں کیلئے جبکہ موسم سرما برف سے متعلق کھیلوں کے لئے انتہائی موزوں ہے۔ محکمہ کے افسران اس جانب تو جہ دے کر کھیل اور کھلاڑی کی حوصلہ افزائی کریں، انتظامیہ ممکنہ حد تک ہر قسم کا تعاون کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ایبٹ آباد تا نتھیاگلی 32 کلو میٹرلمبی سائیکل ریس کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کامران رحمان اور ڈی جی سپورٹس خیبر پختونخوا طارق محمود اور سپورٹس سے متعلق دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔اجلاس میں آئندہ ماہ شروع ہونے والی سائیکل ریس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کئے گئے ۔اجلاس میں کھلاڑیوں کی رہائش اور ”ریس ” کو Protectionدینے کے بارے میں تمام سٹیک ہولڈرز کو ذمہ داریاں سونپی گئیں۔
کمشنر نے کہا کہ ہزارہ اپنے محل وقوع قدرتی حسن اور خوشگوار موسموں کی وجہ سے کھیلوں کے فروغ کے لئے انتہائی موزوں علاقہ ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس قدرتی ماحول سے کس قدر استفادہ کر سکتے ہیں ۔انہوںنے ڈائریکٹر سپورٹس اور ڈسٹرکٹ سپورٹس افسروں کو ہدایت کی کہ وہ ہزارہ میں کھیلوں کی زیادہ سے زیادہ سرگرمیاں کریں۔ تا کہ ایک جانب عوام کو اچھی تفریح کا موقع ملے اور دوسری جانب نوجوانوں میں موجود” ٹیلنٹ ”کو اجاگر کیا جا سکے۔