داسو (جیوڈیسک) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے ہزارہ صوبے کے قیام کی قرارداد آج پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔
داسو میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سردار یوسف کا کہنا تھا کہ اس قرارداد کی حمایت کے لیے ہم دوسری پارٹیوں سے بھی رابطے میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پرامید ہیں کہ یہ قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی جائے گی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جتنے زیادہ صوبے ہوں گے، لوگوں کے مسائل اتنے ہی زیادہ حل ہوں گے۔
سردار یوسف نے کہا کہ ملک کی مستقبل کی توانائی کی ضروریات کے پیش نظر کوہستان کا علاقہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پہلی ترجیح دیامر بھاشا ہائیڈرو پاور پروجیکٹ اور داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی تکمیل ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مزید خواتین کی شمولیت کے لیے نیا سروے کروایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے کوہستان میں پاسپورٹ آفس بنانے کے حوالے سے بھی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوہستان خیبر پختونخوا کا ایک بہت پسماندہ علاقہ ہے لیکن اسے ترقی و خوشحالی کے راستے پر لانے کے لیے حکومت بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔