لاہور (جیوڈیسک) داتا علی ہجویری کے 978 ویں سالانہ عرس کی تقریبات میں ملک بھر سے زائرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ دربار کو رنگ برنگ روشنیوں کے ذریعے نئی نویلی دلہن کی مانند سجایا گیا۔ تین روزہ عرس کے دوران خوب دعائیں اور منتیں مانگی گئیں۔
تحفے تحائف کی دکانیں سجیں طرح طرح کے لذیذ کھانے لنگر کی شکل میں بٹے۔ دودھ، پانی اور چائے کی سبیلیں لگائی گئیں۔ دھمال تو میلے کا ایک اہم حصہ تھا۔ سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔
دربار سے ملحقہ سڑکوں کو کنٹینر اور خاردار تاریں لگا کر بند رکھا گیا تھا اور داخلے کے لئے واک تھرو گیٹس کا استعمال کیا گیا۔ خیر و عافیت کے ساتھ عرس کے اختتام پر پولیس نے بھی خدا کا شکر ادا کیا۔
عرس اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پزیر ہو گیا جس میں جامع مسجد داتا دربار کے خطیب مولانا رمضان سیالوی نے ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کرائی۔