حضرت امام حسین علیہ سلام نے جرات کی بے مثال داستان رقم کی، بازل نقوی

Muzaffarabad

Muzaffarabad

مظفر آباد (جیوڈیسک) آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات بازل علی نقوی نے کہا ہے امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ سلام نے وقت کے یزید کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مصائب کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنے کا درس دیا جو رہتی دنیا تک انسانیت کے لئے انمول سبق ہے ،سید الشہدا کی قربانی دین اسلام کی بقاء اور حیات جاودانی ہے۔

یوم عاشور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں بازل علی نقوی نے کہا یوم عاشور یہ پیغام دیتا ہے کہ اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربانی انسانیت کی معراج کی علامت ہے اور یہی وہ پیغام ہے جو کربلا میں عام کیا گیا ۔حضرت امام حسین علیہ سلام اور ان کے 72 ساتھیوں نے جس جرات، بہادری، عزم اور حوصلے کے ساتھ تمام مظالم کا سامنا کیا اور جس صبر اور استقامت کی مثال قائم کی اس کی نظیر پوری دنیا کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ امام عالی مقام کے پیغام کو عام کرنے کی اس وقت ضرورت اوربھی بڑھ گئی ہے ،حضرت امام حسین علیہ سلام کے پیغام کو پھیلانے کی ضرورت ہے اور اس پر عمل درآمد کر کے ہی ایک فلاحی معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔