حضرت امام زین العابدین نے صبر و استقامت کے ساتھ راہ مشکلات و صدمات کو عبور کیا۔ مولانا اختر عباس زیدی

کراچی (اسٹاد رپورٹر) حجة السلام مولانا اختر عباس زیدی (العربی) نے کہاکہ امام زین العابدین نے صبر و استقامت کے ساتھ راہ مشکلات و صدمات کو عبور کیا ،حضرت سیدہ زینب اور امام زین العابدین شام و کوفہ کے بازاروں اور یزیدابن زیاد کے درباروں میں بصیرت افروز خطبات دے کر شہدا ء کربلا کے خون ناحق کی پاسداری کی اور حقانیت کو اس طرح روشن کیا کہ نام یزید داخل وشنام ہوگیا یہ بات انہوں نے مدثر عباس و برادران خانوادہ سید حیدر عباس رضوی کی جانب سے امام بارگاہ با بُ الحوائج کورنگی میں شہادت امام زین العابدین کے سلسلے میں منعقد مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہی مجلس کے اختتام پر انجمن عابدیہ کاظمیہ ،انجمن غلامان ابن حسن ،انجمن دستہ جانثاران عباس نے ماتم داری اور سوز خوانی کی نظامات کے فرائض مقصود عالم ہمایوں نے انجام دیئے۔

مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اختر عباس زیدی نے مزید کہاکہ خاصانِ الہی کا تذکرہ کرنا اسے یاد دلاتے رہنا اور اُن سے محبت و مودت کا اظہار کرنا درحقیقت انسان کے وجود میں دینی ،شرعی ،معنوی ،روحانی اعلیٰ اقدار اور توحید و رسالت و نبوت اور ولایت کے خیالات ،افکار کو اہمیت دنیا انہیں عروج و کمال تک پہنچا نے کا وسیلہ ہے لہذا ہر فرد پر لازم ہے کہ وہ ذات قدسیہ سے رشتہ مضبوط کرنے کے لئے مقربان بارگاہ الہی ذوات قدسیہ کی پیروی کرے انہوں نے کہاکہ ایسے رشتے اور اس قسم کا ارتباط انسان کو اُن کا رہائے حُسنہ بلند اقدار اور تعلیمات خیریہ کی یاد دلاتے ہیں جن کے لئے یہ بندگان الہی ہر دور میں جان و مال حتیٰ کہ اولاد تک کی قربانی دیتے ہیں اور قید و بند کی صعوبتیں اور اذیتیں برداشت کرتے رہے ہیں۔مولانا اختر عباس زیدی نے کہاکہ اللہ تعالیٰ ہمیں حسینیت پر عمل کرتے ہوئے اپنی زندگی کو گزارنے کی توفیق عطاء فرمائے انہوں نے کہاکہ سید شہداء کی عزاداری تاقیامت جاری رہے گی۔