لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ نبی آخرالزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ہدیہ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ کے مطابق ڈھالتے ہوئے اپنے ذاتی اختلافات اور باہمی رنجشوں کو بھلا کر امن، بھائی چارے، اخوت، رواداری، عدل و انصاف اور عفو و درگزر جیسے زریں اصولوں کی پیروی کریں۔ عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مبارک موقع پر اپنے پیغام میں گورنر نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات اور عملی زندگی انسانیت کے لئے ایک ایسا ہمہ گیر اور مکمل ضابطہ حیات ہے
جس میں جہاں بانی و حکمرانی کے اصولوں سمیت زندگی کے ہر شعبے سے متعلق اصول، آداب اور قواعد و ضوابط موجود ہیں جن پر صدق دل سے عمل پیرا ہو کر ہم ایک مثالی و فلاحی معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات سادہ اور عام فہم ہیں جن کی حکمت کو سمجھنے اور انہیں وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے بصیرت، وسیع النظر اور گہرے مطالعے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے مورخین اور محققین خواہ وہ کسی بھی عقیدے سے تعلق رکھتے ہوں، یہ تسلیم کرتے ہیں کہ محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات بابرکات میں انسانی تاریخ اور اذہان پر گہرا اور دائمی اثر چھوڑا ہے۔