گجرات (خصوصی رپورٹ) رحمت للعالمین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم ولادت کے سلسلہ میں عظیم الشان مرکزی جلوس میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نیک آباد سے پیشوائے اہلسنت حضرت پیر محمد افضل قادری مرکزی امیر عالمی تنظیم اہلسنت اور پیر عثمان قادری کی زیرقیادت شروع ہوگیا ہے۔ جلوس میں علماء ومشائخ سمیت ہزارہا غلامان رسول شریک ہیں۔ جلوس بائی پاس روڈ، شاہین چوک، سرگودھا روڈ، جی ٹی روڈ، جی ٹی ایس چوک سے ہوتے ہوئے ریلوے روڈ اسٹیشن پر اختتام پذیر ہوگا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق جگہ جگہ جلوس میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا زبردست استقبال کیا جارہا ہے اور پھول پتیاں نچھاور کی جارہی ہیں۔ جبکہ شرکاء کیلئے مٹھائیوں اور کھانوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ثناء خوان رسول بارگاہ سرور کونین میں نذرانہ ہائے عقیدت پیش کررہے ہیں۔ جبکہ مقررین نے کہا کہ رب العالمین نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تمام جہانوں کیلئے رحمت اور ہادی کائنات بناکر مبعوث فرمایا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت پر عمل میں ہی دنیا و آخرت کی بھلائی ہے۔ اور چونکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ تعالیٰ کی سب سے بڑی نعمت ہیں اسلئے آپ کے یوم ولادت پر خاص طور پر تشکر اور خوشی کا اظہار ہر مسلمان پر لازم ہے۔