کراچی (اسٹاف رپورٹر) سربراہ حلقہ علویہ القادریہ و سجادہ نشین درگاہ حضرت سید ظہیر الحسن شاہ جیلانی چاند پوری حضرت سید خورشید الحسن شاہ جیلانی مدظلہ العالی دسویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات میں شرکت اور سرپرستی کیلئے امریکہ سے کراچی پہنچ گئے ، ائر پورٹ پر مریدوں ، عقیدت مندوں ، اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے ان کا والہانہ استقبال کیا ۔ فضا درودو سلام اور نعرہ تکبیر ‘ نعرہ رسالت ‘ نعرہ حیدری اور نعرہ غوثیہ کی ولولہ انگیز صداؤں سے گونج اٹھی۔
اس موقع پر حضرت سید خورشید الحسن جیلانی مدظلہ العالی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔ مریدین اور عقیدت مندوں کا جوش و جذبہ قابل دید تھا اس موقع پر خلفاء حضرات اور مریدین و کارکنان حلقہ علویہ القادریہ سے خطاب کرتے ہوئے حضرت سید خورشید الحسن جیلانی مدظلہ العالی نے فرمایا کہ اولیائے کرام اور ان کے آستانے دریائے فیض ہیں اور ان کی تعلیمات آج بھی عالم انسانیت کیلئے مینارہ نور کی حیثیت رکھتی ہیں۔
بعدازاں انہیں ایک بڑے قافلے کی صورت میں ائر پورٹ سے ان کی رہائش گاہ لایا گیا ۔ واضح رہے کہ حضرت سید ظہیر الحسن شاہ جیلانی کا دسواں سالانہ عرس مبارک 4 تا 6 دسمبر 2014درگاہ شاہ جیلانی متصل جیلانی مسجد بلاک 10-A ،گلشن اقبال میں منایا جارہا ہے پہلے روز صندل مبارک کی افتتاحی محفل ‘ دوسرے روز محفل نعت ہوگی جس میں ملک کے ممتاز نعت خواں حضرات بارگاہ رسالت و ولایت میں نذرانہ عقیدت پیش کرینگے جبکہ آخری روز محفل سماع کا اہتمام کیا جائے گا۔