لاہور : تحریک صراطِ مستقیم پاکستان کے زیراہتمام آج کا دن” یوم امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ تعالی عنہ ”کے طور پر منایا گیا۔ اس موقع پرامام اعظم ابوحنیفہ کی فقہی بصیرت کے موضوع پر خطبات جمة المبارک ہوئے۔
اس موقع پر سربراہ تحریک صراطِ مستقیم پاکستان ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی، شیخ الحدیث علامہ محمدارشاد احمد حقانی، مولانا محمد صدیق مصحفی، مولانا محمدمرتضیٰ علی ہاشمی، مولانا عبدالکریم جلالی، علامہ محمد یونس قادری، علامہ محمدفرمان علی جلالی و دیگر علمائے کرام نے جمعة المبارک کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حضرت امام اعظم ابوحنیفہ رضی اللہ تعالی عنہ ایک نابغہ روزگار فقیہ ،محدث یگانہ اور بہت بڑے روحانی پیشوا تھے۔آپ نے ملت کی فقہی ،روحانی اور سیاسی معاملات میں رہنمائی کا بھر پور کردار ادا کیا ۔ قیامت تک امت مسلمہ آپ کے جلائے ہوئے چراغوں سے روشنی پاتی رہے گی۔
آپ کی ذات ایسے مدرسہ کی حیثیت رکھتی ہے جس نے ہزاروں یونیورسٹیوں کو وجود بخشا ہو ۔حضرت امام اعظم ابوحنیفہ رضی اللہ تعالی عنہ نے امت مسلمہ کو قرآن وسنت کا جامع طریقہ عطا کیا ۔ آپ نے قرآن وسنت سے لاکھوں مسائل کا حل فقہ حنفی کی شکل میں پیش کیا جو قیامت تک لوگوں کے لئے بہت بڑی سوغات ہے ۔آپ کی فقاہت نے ہزاروں بند دروازے کھولے ۔آپ کے زور استدلال نے نظام اسلام کے عملی نفاذ کیلئے لائحہ عمل تیار کیا اس امت کے ہزاروں علمی اور روحانی امام آپ کے علوم و معارف سے بلا واسطہ ضرور فیض یاب ہوئے ہیں۔
آپ کی مثال ایک ایسے حکیم حاذق کی ہے جسے لوگوں کی بیماریوں کا بھی خوب علم ہو جن جڑی بوٹیوں میں ان بیماریوں کو علاج ہے ان کا بھی علم ہو ،ان جڑی بوٹیوں کا سٹور بھی اس کے پاس ہو ،دوائی تیار کرنے کا طریقہ اور استعمال کروانے کاہنر بھی آتا ہو۔