کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما وسربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی سے کیٹرنگ ایسوسی ایشن وفد کی ملاقات، وفد میں چیئرمین قیس شیخ، وائس پریذیڈنٹ جنید الرحمن ، ریحان ہاشمی و دیگر شامل تھے، ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے وفد کے اراکین نے مطالبہ کیا کہ باقی کاروبار کی طرح میں بھی شادی ہالز کھولنے کی اجازت دی جائے، وفد نے ملاقات میں کاروبار کی بندش کیوجہ سے درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا، اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے حنید لاکھانی نے کہا کہ سندھ حکومت چار ماہ سے عوام کا معاشی قتل کر رہی ہے ، حکومتی ایس او پیز کے تحت اب کاروبار کو کھول دینا چاہیے کیونکہ کیٹرنگ اور شادی ہالز کے کاروبار سے بھی بہت سارا مزدور طبقہ وابستہ ہے جو کہ کاروبا ر بند ش کی وجہ سے شدید مالی مشکلات کا شکارہے، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی کوشش ہے کہ کسی بھی حال میں غریب اور مزدوروں کے گھروں کے چولہے جلتے رہیں ، کرونا وائرس کیوجہ سے پیدا ہونے والے حالات میں سب سے زیادہ غریب اور مزدور طبقہ متاثر ہواہے، ہوٹل ، شادی ہالز، کیٹرنگ سروسز، فیکٹریاں ، کارخانوں کی بند ش نے غریبوں کے گھروں میں نوبت فاقوں تک پہنچا دی ہے۔
وفاقی حکومت نے صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے غریبوں کی مالی امداد کی ، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے جب مویشی منڈی ، مارکیٹیں ، ٹرینوں سمیت دیگر شعبوں کے لیئے ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے کاروبار کھولنے کی اجازت دی ہے تو پھر کیٹرنگ اور شادی ہالز کے کاروبار سے وابستہ لوگوں کے لیئے بھی ایس او پیز بنائی جانی چاہیں اور ان پر عمل درآمد کی یقین دہانی کے بعد کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے ، انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت چاہتی ہے کہ آہستہ آہستہ پورے سندھ میں کاروبار ختم ہوجائے اور لوگ پریشان رہیں ، کرونا نے پورے پاکستان کو اپنی لپیٹ میں لیا مگر سندھ حکومت کی نا اہلی اور ناقص منصوبہ بندی سے دوسرے صوبوں کی نسبت سندھ میں لوگوں زیادہ معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بعد ازاں انہوں نے کیٹرنگ ایسوسی ایشن کے وفد کو ہر پلیٹ فارم پرآواز اٹھانے کی یقین دہانی کروائی۔