لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کی نیوزی لینڈ میں پے در پے شکست پر سب ہی پریشان ہیں ،آج سلیکشن کمیٹی کا اہم اجلاس ہونے جا رہا ہے جس میں ٹی ٹوئنٹی کے کپتان شاہد آفریدی بھی شریک ہوں گے ،ہیڈ کوچ وقار یونس بذریعہ ٹیلی فون رائے لی جائے گی ۔
اطلاعات یہ ہیں کہ ہیڈ کوچ وقار یونس نے مستعفی ہونے تک کی پیش کش کر دی ہے۔ ٹیم میٹنگ میں وقار نے کھلاڑیوں سے سوال کیا کہ میں ایسا کیا بتا رہا ہوں جو آپ لوگوں کی سمجھ میں نہیں آ رہا،اگر آپ لوگ کہتے ہیں تومیں استعفیٰ دینے کو بھی تیار ہوں۔
لاہورمیں ہونے والی سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں کھلاڑیوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پرفارمنس کا بھی پوسٹ مارٹم ہو گا۔
انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے ہاتھوں چھ میں سے پانچ ٹی 20 انٹر نیشنل میں بدترین شکست کے بعد قومی سلیکشن کمیٹی اور کپتان شاہد آفریدی کے درمیان اہم ترین ملاقات جمعے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہورہی ہے۔
قومی ون ڈے فائنل کے موقع پر ہونے والی میٹنگ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پاکستان ٹیم کی دو ایک سے شکست کے بعد کھلاڑیوں کی کارکردگی کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا جبکہ چند کھلاڑیوں کے مستقبل کا فیصلہ بھی کیا جاسکتا ہے۔
بنگلہ دیش میں ہونے والے ایشیا کپ ٹی 20اور بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کے لئے پاکستان کی پندرہ رکنی ٹیم کے انتخاب پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ پاکستانی سلیکٹرز کو آٹھ فروری تک ٹیم کا اعلان کرنا ہے۔
میٹنگ کے دوران پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کو ٹیلی کانفرنس پر مدعو کیا جائے گا۔ یہ میٹنگ ایسے وقت پر ہور ہی ہے جب شاہد آفریدی کہہ چکے ہیں کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد کو بار بار مواقع دیئے گئے لیکن دونوں نے مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ پاکستان کے کچھ کرکٹرز کو ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے کے لئے اپنے رویے کو ٹھیک کرنا ہوگا اور اپنی تمام تر توجہ کرکٹ پر مرکوز کرنا ہوگی۔