ہیڈ خانکی پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب، 100سے زائد دیہات زیر آب

Head Khanki Flood

Head Khanki Flood

اسلام آباد (جیوڈیسک) ہیڈ خانکی پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب منڈی بہاءالدین، حافظ آباد، وزیر آباد کے علاقوں میں 100 سے زائد دیہات زیر آب آ گئے۔ دریائے جہلم میں اونچے درجے کا سیلاب۔ شہری علاقوں میں سیلابی ریلہ داخل ہوگیا۔

دریائے چناب اور دریائے جہلم کے سیلابی ریلے ملحقہ علاقوں میں تباہی پھیلاتے آگے بڑھ رہے ہیں۔ آزادکشمیر کے دریاؤں میں طغیانی سے درجنوں دیہات اورسیکڑوں گھر پانی میں ڈوب گئے ہیں،پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشیں اب بھی جاری ہیں۔گوجرانوالہ اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے۔ نالہ بھمبر اور نالہ پلکھو میں شدید طغیانی کی وجہ سے وزیر آباد اور سودھرا کے مزیددرجنوں دیہات زیرآب گئے ہیں۔

دوسری جانب دریائے چناب بھی بپھرا ہوا ہے۔ہیڈخانکی کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 6 لاکھ 60 ہزار 271 کیوسک رکارڈ کیا گیا۔اسی طرح ہیڈ قادرآباد پر بھی پانی کا بہاؤ 5 لاکھ 34 ہزار 984 کیوسک ہے۔ سیلابی پانی سے منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد کے 70 کے قریب دیہات متاثر ہیں۔ ادھر دریائے جہلم میں سیلاب کے باعث دریا سے ملحقہ 10 دیہات زیر آب آئے ہوئے ہیں۔۔بیشتر افراد نقل مکانی کر چکے ہیں تاہم کچھ لوگ اب بھی گھروں کی چھتوں پر محصور ہیں۔ سیالکوٹ میں مسلسل تین روز بارشوں کے بعد گلیاں اور سڑکیں اب تک تالاب بنی ہوئی ہیں۔