مسئلہ کشمیر کا حل اہل وطن کے تمام طبقات کے اتحاد اور جراءت مند قیادت کے بغیر ممکن نہیں،ہندوستان نے اقوام متحدہ کی حق خود ارادیت کی قراردادوں کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا ہے،پاکستان کی افواج اورفورسز پر حملے کرنے والوں نے مسئلہ کشمیر کی راہ میں رکاوٹیں ڈالیں،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ حکمران صرف یوم یکجہتی کشمیر منا کر اور قومی اسمبلی کی کشمیر کمیٹی سال بھر میں صرف ایک سیمینار یا ریلی نکال کر اپنا فرض پورا کر دیتی ہے جس سے عالمی برادری بالخصوص امت مسلمہ تک مظلوم کشمیریوں کی آواز پہنچ ہی نہیں پاتی ،ہم سمجھتے ہیں عالمی قوتوں کے ہاتھوں میںیرغمال پاکستان کے اہل اقتدار اور حکمران ہندوستانی افواج کے ہاتھوں برسوں سے کشمیر کے مظلوم و درماندہ محبان پاکستان کو بے وقوف بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں،اگر ہمارے حکمران جر ء ات مند ،شجاع اور باغیرت ہوتے تو کشمیر کا کب کا آ زاد ہو چکا ہوتااور اہل کشمیر ہندوئوں کی بربریت و درندگی کا شکار نہ ہوتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کے خلاف امریکہ،اسرائیل اور ہندوستان مسلسل سازشیں کر رہے ہیں ، اسلام دشمن شیطانی طاقتوں کے اتحاد نے دنیا پر اپنا تسلط قائم رکھنے کیلئے اپنے مقامی مزدوروں کے ذریعے فرقہ واریت ،دہشگردی ،لسانیت ،قومیت، علاقائیت کے بتوں کو کھڑا کیا ہے،جو بے گناہ لوگوں کو قتل کر کے مظلومین جہاں بالخصوص مظلوم کشمیری مسلمانوں کی آزادی کی تحریک کو سبوتاژ کر رہے ہیں ۔انہوں نے اس موقعہ پر یہ مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو قومی اسمبلی کی کشمیر کمیٹی سے نکال کے امت مسلمہ اور آزادی خواہ اقوام تک پہنچانے کیلئے اقدامات کیئے جائیں۔علاوہ ازیںانہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان دنیا بھر کے مظلوموں کی حمایت کے ساتھ مظلوم کشمیری مسلمانوں کی حمایت کا ایجنڈا لیکر نکلے تو اسے کامیابیاں مل سکتی ہیں جبکہ ہندوستان کو سفارتی محاذ پر تنہا کرنے کیلئے ہمیں اپنی پالیسیوں پر بھی نظر ثانی کی ضرورت ہے،ہمیں اپنے دوستوں ،دشمنوں کو پہچاننا ہو گا۔