صحت کا انصاف مہم، سیکورٹی ہائی الرٹ، موٹر سائیکل چلانے پر پابندی

Health Campaign For Justice

Health Campaign For Justice

پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں آج ’صحت کا انصاف‘ پروگرام کے تیسرے مرحلے کے موقع پر سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد ہے۔ پولیس پر دوحملوں میں ایک اہل کار جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق صحت کا انصاف پروگرام کے تیسرے مرحلہ کیلئے چار ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ سیکیورٹی ہائی الرٹ کے باجود پولیس پر فائرنگ اور بم حملے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ چارسدہ روڈ پر پولیس وین کے قریب دھماکے سے ایک اہل کار جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔

ادھر پہاڑی پورہ کے علاقے میں پولیس ناکہ بندی کے قریب فائرنگ کی گئی۔ نواحی علاقوں بڈھ بیر، متنی، داؤدزئی اور سربند میں فرنٹیئر کانسٹبلری بھی پولیس کے ساتھ گشت کر رہی ہے، جبکہ قبائل اور پشاور کے سرحدی علاقوں کی نگرانی فرنٹیئر کور کر رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے ایک روز کے لئے صبح آٹھ سے شام پانچ بجے تک موٹر سائیکل چلانے پر پابندی لگا دی ہے۔ صحت کا انصاف پروگرام کے تحت پشاور کی 93 یونین کو نسلوں میں مہم چلائی جائے گی، جس میں چھ لاکھ بچوں کو 9 مہلک بیماریوں سے بچاوٴ کی ویکسین دی جائے گی۔