ڈیرہ غازیخان (ریاض جاذب سے) صحت و تعلیم جیسے اداروں کو نجی شعبہ یا این جی اوز کے حوالے کرنا حکومت کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں ۔بنیادی سہولیات کی فراہمی ریاست کی اولین ذمہ داری بنتی ہے ریاست اورریاستی اداروں کی موجودگی میں ایسا کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔
پاکستان میڈیکل اسوسی ایشن PMA اس کی شدید مخالفت کرے گی۔ یہ بات PMA ڈیر ہ غازیخان کے صدر ڈاکٹر طاہر فرید ترک ، جنرل سکریٹری ڈاکٹر عامر عبدالرحمن قیصرانی سمیت PMA کے عہدیداران نے یہاں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے اس غلط اقدام کی ہر گز حمایت نہیں کی جائے گی۔ اور اس کے خلاف تحصیل سے لے کرصوبہ تک شدید احتجاج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ صرف پیرامیڈیکل سٹاف اور ڈاکٹرز کا نہیں ہے ۔ یہ اقدام صوبے کے عوام کے مفاد میں نہیں ہے۔ حکمرانوں کے چہیتوں کو نوازنے کی پالیسی ضرور ہوسکتی ہے ۔ پی ایم اے اس کے خلاف ڈٹ جائے گی۔ اور اس پر کسی صورت عمل نہیں ہونے دیا جائے گا۔