صحت عامہ ۔۔۔۔ سہولیات و اقدامات

Polio Vaccine

Polio Vaccine

تحریر: ڈاکٹر شجاع اختر اعوان

صحت کا شعبہ کسی بھی ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ عوام الناس کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے پنجاب حکومت صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد کی قیادت میں صحت عامہ پر ترجیح بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ صوبہ بھر کے عوام کو صحت کی جدید سہولیات مفت فراہم کرنا صوبائی حکومت کی پالیسیوں میں شامل ہے۔ اور حکومت پنجاب کی صحت سے متعلق اصلاحات پر خصوصی توجہ مرکوز ہے ۔صحت کارڈ کے اجراء سے لے کر نئے ہسپتالوں کے قیام ، پہلے سے موجود ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے اور پسماندہ اور دور افتادہ اضلاع میں زچہ بچہ ہسپتالوں کا قیام اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ صوبہ بھر میں انتظامی پوسٹوں پر انتہائی قابل اور اچھی شہرت کے حامل افسران کی تعیناتی یقینی بنا کر اس شعبہ کے بنیادی ڈھانچے کو مکمل فعال کرنے کے لیے اقدامات کیئے جا رہے ہیں۔ بیماریوں کے متعلق شعور بیدار کرنے کے لیے آگاہی مہم وپولیو جیسے خطرناک مرض کے خاتمے کے لیے فائنل رائونڈ بھی جاری ہے۔

صوبہ بھر کی طرح ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اٹک ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی کی سرپرستی و رہنمائی میں بہترین کارکردگی کا مظاہر کر رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس پسماندہ ضلع کو صحت عامہ کی سہولیات و صفائی کے اعتبار سے صوبہ بھر میں دوسری پوزیشن کا حقدار ٹھہرایا گیا۔ انتظامی معاملات پر مہارت رکھنے والے چیف ایگزیکٹیو ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سہیل اعجاز اعوان اور حال ہی میں تعینات ہونے والے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اٹک ڈاکٹر اسد اسماعیل کا شمار پنجاب شعبہ صحت کے بہترین افسران میں ہوتا ہے۔ جن کی اس شعبہ میں ذاتی دلچسپی و پیشہ وارانہ مہارت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔ صوبہ پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع اٹک میں خطرناک بیماریوں کے خلاف مہمات جاری و ساری ہیں۔ جبکہ عوام میں شعو و آگاہی کی فراہمی کے لیے صوبائی حکومت کی خصوصی ہدایت پر صوبہ بھر کی طرح ضلع اٹک میں 8 اپریل سے 13 اپریل 2019 تک ہفتہ غذائیت منایا جا رہا ہے۔

جس کا بنیادی مقصد بچوں کا عمر کے لحاظ سے پس قامت ہونے کی روک تھام کے لیے آگاہی اور علاج فراہم کرنا ، حمل اور زچگی کے دو سال بعد تک غذائی ضروریات کی اہمیت اجاگر کرنا ۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کی صحت کو بہتر بنانا ۔ حاملہ خواتین ، دودھ پلانے والی مائوں ، نو عمر لڑکیوں میں غذائی کمی کے خاتمے کے لیے ہفتہ غذائیت ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔ سکول ہیلتھ نیوٹریشن سپروائزرز کی جانب سے خواتین اور بچوں کے لیے تربیتی سیمنارز ، سیشن کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ ہفتہ غذائیت کے دوران غذائیت سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے مراکز صحت پر خصوصی ڈیسک قائم کیئے جائیں گے۔دو سال سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پیٹ کی کیڑوں کی گولیاںبھی کھلائی جائیں گی۔

تاکہ ان پر غذا بہتر طور پر اثر انداز ہوسکے۔ غذائی کمی کا شکار بچوں و خواتین کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے علاج معالجہ کے اقدامات بھی کیئے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے افسران و اہلکار بہترین حکمت عملی تیار کیئے بیٹھے ہیں۔ ڈاکٹر آصف نیازی کی محنت بھی لائق تحسین ہے۔ جو اس پروگرام کو خصوصی طورپر مانیٹر کر رہے ہیں۔ 22 سے 26 اپریل تک خصوصی پولیو مہم چلائی جائے گی۔ اس مہم کے دوران ضلع اٹک میں پانچ سال سے کم عمر دو لاکھ نوے ہزار بچوںکو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔ نو سو ٹیمیں یہ خدمات انجام دیںگی۔ ضلع و داخلی و خارجی راستوں پر پولیو ویکسین پلانے کے مکمل انتظامات ہیں۔جبکہ رومنگ ٹیمیں گھر گھر جا کر یہ فریضہ انجام دیں گی۔ ضلعی انتظامیہ فول پروف سیکورٹی مہیا کرے گی۔

مہم کی کامیابی کے لیے ضلع کے عوام کا تعاون ضروری ہے۔ حکومت پنجاب شعبہ صحت کی کارکردگی صوبہ بھر میں بہتری کی جانب گامزن ہے۔ اور اس کا سہرا صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد اور صوبائی افسران کے سر ہے۔ جو صحت کی سہولیات کے لیے اقدامات کو عملی جامہ پہناتے نظر آتے ہیں۔ صوبائی حکومت عام آدمی کو علاج معالجہ کی سہولیات مفت فراہم کرنے کے لیے۔ پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ صوبہ بھر کے پسماندہ اضلاع میں انتظامی پوسٹوں پر محنتی ، قابل افسران کی تعیناتی صحت کے مسائل پر قابو پانے کے لیے معاون ثابت ہو رہی ہے۔ جس کی مثال پنجاب کا دور افتادہ ضلع اٹک ہے۔ جو شعبہ میں کارکردگی کے اعتبار سے صوبہ بھر کے اضلاع میں اولین پوزیشن پر کھڑا ہے۔ اور بعید نہیں کہ ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سہیل اعجاز اعوان ، ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر اسد اسماعیل دیگر افسران، ڈاکٹر سعید ، ڈاکٹر آصف نیازی و اہلکاروں کی شب و روز محنت اسے صوبہ بھرمیں کار کردگی کے لحاظ سے پہلے نمبر پر لے آئے گی۔

Dr. Shujah Akhtar Awan

Dr. Shujah Akhtar Awan

تحریر : ڈاکٹر شجاع اختر اعوان