اسلام آباد : الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کے تحت کورونا ٹیسٹنگ لیب کا لاہور میں افتتاح کردیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم تھے۔ جبکہ صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد عبدالشکور، صدر گورننگ باڈی ثریا عظیم ہسپتال ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد، صدر الخدمت پنجاب اکرام الحق سبحانی، عبدالعزیز عابداور مرکزی صدرپیما ڈاکٹر محمد افضل سمیت دیگر ذمہ داران بھی موقع پر موجود تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد عبدالشکور نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کورونا کے خلاف جنگ میں پوری قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،
ہمارے ملک بھر میں قائم 28بڑے ہسپتال، لیبز اور ایمبولینس سروس کسی بھی صورت حال کے لئے پوری طرح تیار ہیں ۔ انھوں نے بتایا کہ اس لیب کے ذریعے اہلِ لاہور کو کورونا ٹیسٹنگ کی مارکیٹ کے مقابلے میں سستی اور معیاری سہولت میسر آئے گی ۔
یہاں کورونا وائرس کا فی ٹیسٹ 5ہزار روپے میں کیا جائے گا جبکہ بتدائی مرحلے میں 31مئی تک ہونے والے تمام کورونا ٹیسٹ خصوصی رعایت کے ساتھ3ہزار روپے میں کئے جائیں گے ۔ لیب میں روزانہ 100 ٹیسٹ کرنے کی سہولت موجود ہے جس کی رپورٹ 24گھنٹے میں مل جائے گی ۔ ٹیسٹ سے پہلے ہمارے نمبر پر کال کرکے وقت لینا ہوگا تاکہ لیب میں رش سے بچا جاسکے ۔