کراچی : حسین لاکھانی ٹرسٹ اور ہسپتال کی جانب سے پی ایس 106 میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد، ایم پی اے جمال صدیقی اور رہنما تحریک انصاف و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی کا میڈیکل کیمپ کا دورہ، فری میڈیکل کیمپ میں جلدی امراض سمیت دیگر مرض کا شکار لوگوں کا فری معائنہ اور مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں ، اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران حنید لاکھانی نے کہا کہ سندھ حکومت کے اربوں روپے سے چلنے والے سرکاری ہسپتالوں میں نہ تو ڈاکٹر ز ہیں نہ ڈھنگ کافرنیچر اور نہ ہی ادویات ہیں ،صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ملنے والا پیسہ کرپٹ لوگوں کی جیبوں میں چلا جاتاہے ،کرپٹ حکمران ان پیسوں سے دبئی اور لندن میں محلات بنارہے ہیں ،آج سندھ میں غربت کے ڈیرے ہیں غریب آدمی کے پاءوں میں جوتے تک موجودنہیں انہوں نے کہا کہ حسین لا کھانی ہسپتال ناظم آباد میں مستحق افراد کا مفت علاج کررہاہے ،ڈیڈھ سو بیڈ پرمشتمل حسین لاکھانی ہسپتال میں ہر قسم کا علاج مفت کیا جارہاہے ہم خود غریب بستیوں میں جاکر ٹینٹ لگاکر لوگوں کا علاج کررہے ہیں جبکہ ہمارے قابل ڈاکٹرز ہزاروں مریضوں کا علاج کرچکے ہیں۔
یہاں ایمبولیسز موجود ہیں انتہائی ضروری مریضوں کو فوری ہسپتال منتقل کردیا جاتاہے، اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی جمال صدیقی نے کہا کہ سندھ حکومت مکمل طور پر فیل ہوچکی ہے روٹی کپڑا ور مکان سب جھوٹ کا پلندہ ہے ،یہ کیا کسی کو مکان دینگے ان کی کرپشن سے لوگوں کے مکانات گررہے ہیں ، ایک سوبیس گز کے پلاٹ پر چھ منزلہ عمارت جس کا اسٹریکچر بھی منظور نہیں ہوتا اور نہ ہی بنیادیں مظبوط ہوتی ہیں ،حسین لاکھانی ٹرسٹ کا یہ عظیم کارنامہ ہے کہ وہ غریبوں کا مفت علاج کررہاہے ،سندھ حکومت کی نالائقی کی وجہ سے بیمار اور مستحق لوگ ہسپتالوں میں دھکے کھارہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ حسین لاکھانی ٹرسٹ شہر قائد میں سینکڑوں کیمپ لگاچکاہے ،غریب علاقوں میں مستحق لوگوں کے گھروں پر جاکر علاج کرنا معمولی بات نہیں ہے ،میرے حلقے میں حنید لاکھانی نے جو کیمپ لگایا ہے اس سے حلقے کو بہت ریلیف ملا حسین لاکھانی ٹرسٹ میں وہ سہولیات ہیں جو کسی بھی بڑے ہسپتال میں ہونے چاہیے ، ہمارے اس کیمپ کے سامنے کے ایم سی کا ہسپتال ہے جو ایک ویرانے کا منظر پیش کررہاہے۔