کراچی : لیاقت نیشنل ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان فریدی نے کہا ہے کہ لیاقت ہسپتال و میڈیکل کالج صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ،علم کے فروغ اور شعبہ طب میں جدید تحقیق کے ساتھ غیر نصابی صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لئے بھی کوشاں ہے ،صحت مند معاشرے کے لئے کھیلوں کی سرگرمیوں کا فروغ ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کے پرنسپل و ڈین پروفیسر ڈاکٹر امیر علی شورو کے ہمراہ لیاقت نیشنل ہسپتال ومیڈیکل کالج کے زیر اہتمام نو تعمیر اسپورٹس گرائونڈ کے افتتاح کے بعد منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مختلف شعبہ سے تعلق رکھنے والی شہر کی معروف شخصیات کے علاوہ ڈاکٹرز ،پروفیسرز ،سرجنز اور کھیل کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی موجود تھیں افتتاح کے موقع پر اسپورٹس کوئز اور لیاقت نیشنل ہسپتال و میڈیکل کالج المنائی اور لیاقت نیشنل ہسپتال اسٹاف کے درمیان دوستانہ کرکٹ میچ کا بھی انعقاد کیا گیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کراچی کے پرنسپل اینڈ ڈین پروفیسر ڈاکٹر امیر علی شورو نے کہاکہ اسپورٹس گرائونڈ سے کالج کے طلباء و طالبات اپنے نصابی سرگرمیوں کے حصول کے ساتھ غیر نصابی صحت مند سرگرمیوں سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ لیاقت نیشنل ہسپتال و میڈیکل کالج ہر شعبے میں ایک مثالی ادارہ ہے اور انشا اللہ باہمی تعاون کے ذریعے شعبہ طب میں جدید تحقیق اور علم کے فروغ کے ساتھ اسپورٹس کے شعبے میں بھی نمایاں مقام حاصل کریگا۔